نئی دہلی ،14اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ملک کی گیارہ ریاستوں میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہی اسمبلی کے لئے بھی ووٹنگ کرانے کے نظریہ سے الیکشن کمیشن نے عدم اتفاق کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اوپی راوت سے جب اس بارے میں منگل کو بات کی گئی تو انہوں نے صاف کہا کہ اتنے بڑے پیمانہ پر ووٹنگ کے لئے الیکشن کمیشن کے پاس وی وی پیٹ مشینیں نہیں ہیں۔
اوپی راوت نے کہا کہ 2019میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہی 11 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے لئے ہمارے پاس کافی وی وی پیٹ مشینیں نہیں ہیں۔ اگر ایسی کوشش کی جاتی ہے تو اس کے لئے نئی وی وی پیٹ مشینیں آرڈر کرنا پڑے گی اور اس بارے میں ایک یا دو مہینہ کے اندر فیصلہ کرنا ہوگا۔
وہیں، الیکشن کمیشن کے قانونی صلاح کار ایس کے میندیرتا نے وی وی پیٹ مشینوں کی اسی کمی کی نشاندہی کی تھی۔ میندیرتا نے کہاکہ ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشینوں کی موجودہ تعداد کو دیکھا جائے تو فی الحال پورے ملک میں ایک ساتھ انتخابات نہیں کرائے جا سکتے۔ اس کے لئے ضروری مشینوں کی خرید کے لئے کمیشن کو کم ازکم تین سال کا وقت لگے گا۔